سٹی42: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں شہداء، غازیوں کی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "آج کی عورت پہلے سے کہیں زیادہ باشعور، باہمت اور بااختیار ہے۔"
وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ، پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، پاکستانی خواتین بھی گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ معاشی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں اور ہر شعبہ زندگی میں اپنا لوہا منوا کر دوسری خواتین کیلئے بھی راہیں ہموار کررہی ہیں۔ ’’ویمن آن وہیل‘‘ منصوبہ بہت سی خواتین کو زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے آسانی فراہم کررہا ہے۔
آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "پنجاب پولیس میں خدمات انجام دینے والی خواتین ہمارا فخر ہیں۔ ہم نے خواتین پولیس اہلکاروں کے لیے ہاسٹل سمیت مختلف فلاحی اقدامات کیے ہیں تاکہ وہ بہتر ماحول میں اپنے فرائض انجام دے سکیں۔"انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "معاشرتی ترقی کے لئے خواتین کو مساوی مواقع اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔"
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت آئی جی پنجاب نے خواتین کے خلاف جنسی ہراسگی، زیادتی، تشدد اور استحصال کے خلاف بھرپور جدوجہد کا عزم دہراتے ہوئےاُن کا کہنا تھا کہ "پنجاب پولیس کے تمام شعبوں میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں کا لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول اور کمیونٹی پولیسنگ میں شاندار کردار ہے۔ خواتین کے خلاف جرائم کی صورت میں فوری ایف آئی آرز کا اندراج اور مجرموں کی گرفتاری یقینی بنائی جا رہی ہے۔ گزشتہ سال خواتین کے خلاف جرائم کی ایف آئی آرز میں 90 فیصد ملزمان کی گرفتاری کی گئی۔ہم نے خواتین کے لیے ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز، تحفظ مراکز، تحفظ منزل فوسٹر ہوم، ورچوئل وویمن پولیس سٹیشنز اور اینٹی وویمن ہراسمنٹ اینڈ وائیلنس سیل قائم کیے ہیں۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ معاشرتی ناانصافی کا شکار خواتین کے لیے وویمن سیفٹی ایپ، پینک بٹن، ہیلپ لائن 15 کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔خواتین کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش کے لئے سپیشلائزڈ ایس ایس آئی او یو کی تعداد 115 سے بڑھا کر 263 کی جا رہی ہے، جس میں تربیت یافتہ خواتین پولیس افسران انوسٹیگیشن کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ پنجاب پولیس میں ڈیوٹی انجام دینے والی خواتین کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔