ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نئی حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنے کو تیار، آئی ایم ایف نے اسٹینڈ بائی پروگرام کے دوسرے جائزے کیلئے پاکستان کی نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد اپنا مشن روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈائریکٹر آئی ایم ایف کمیونیکیشنز نے بتایا ہے کہ فی الحال توجہ موجودہ اسٹینڈ بائی پروگرام کی تکمیل پر ہے، جو کہ اپریل 2024 میں ختم ہوجائے گا۔ مزید انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں نئی کابینہ بننے کے فوراً بعد اسٹینڈ بائی پروگرام کے دوسرے جائزے کیلئے مشن کو پاکستان بھیجا جائے گا۔ڈائریکٹر کمیونیکیشنز کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاشی استحکام کیلئے بننے والی نئی حکومت کے ساتھ پالیسیوں پر کام کرنے کا منتظرہے۔
دوسری جانب وزارت خزانہ پاکستان نے بھی آئی ایم ایف کے جائزہ مشن سے مذاکرات کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں اور قرض دہندہ کو دعوت بھیجنے کی تیاری بھی مکمل ہے، کابینہ کی تشکیل اور حلف برداری کے فوراً بعد دعوت نامہ بھیجا جائے گا۔اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو بھی اسلام آباد سے رسمی دعوت نامے کے حصول کا انتظار ہے اور کابینہ کی تشکیل کے فوری بعد دعوت نامہ بھیجے جانے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف مشن 3 ارب ڈالرز کے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کے دوسرے جائزے کی تکمیل کیلئے مذاکرات شروع کرنے کی غرض سے پاکستان پہنچے گا۔
یاد رہے کہ ای ایف ایف (ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی) پروگرام کے حوالے سے ابھی کوئی بھی بات چیت نہیں ہوئی لیکن وفاقی حکومت ای ایف ایف کو مضبوط بنانے پر غور کریگی تاکہ فنانس کا دائرہ کار 6 ارب ڈالر سے 8 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکے۔