(حافظ شہباز علی) پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کرلی،سمیت پاٹیل کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے گلیڈی ایٹرز بے بسی کی تصویر بن گئے۔
لاہور قلندرز نے پی ایس ایل فائیو میں ایک مرتبہ پھر دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوشکست سے دوچار کردیا، قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ان کے پلے مرحلہ تک رسائی کے مشکلات پیدا کردیں، لاہورقلندرز کی دعوت پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم قلندر کے اسپنرز کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی اورنو وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بناسکی،سہیل خان 32، زاہد محمود19 اور محمد نواز 10 رنز بناسکے، سرفرازاحمد، جیسن رائے ، اعظم خان سمیت باقی کوئی بلے باز دہرے ہندسے میں نہ پہنچ سکا، لاہور قلندرز کے سمیت پاٹیل نے پانچ رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی اور فرزان راجہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
لاہورقلندرز نے 99 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ،محمد حفیظ 39 اور بین ڈنک 30 رنز بناکرنمایاں رہے ،محمد نواز نے لاہور قلندرز کی دونوں وکٹیں حاصل کیں،سمیت پاٹیل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، اس کامیابی کے بعد لاہور قلندرز چھ میچوں کے بعد چار پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں، آج لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنےہوں گی۔