اسرار خان: لاہور میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 233 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 274 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثات میں زخمی ہونے والے 99 افراد کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں فوری طبی امداد کے لیے مختلف مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جبکہ 175 معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کے مطابق بیشتر حادثات تیز رفتاری، لاپرواہی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آئے۔ شہری علاقوں میں موٹرسائیکل سواروں اور دیگر گاڑیوں کے درمیان تصادم کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوران سفر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار کو مقررہ حد میں رکھیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔