ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہری مرچ والا قیمہ؛ ذائقے اور خوشبو سے بھرپور شاندار ڈش

ہری مرچ والا قیمہ؛ ذائقے اور خوشبو سے بھرپور شاندار ڈش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:اگر آپ روزمرہ کے کھانوں میں کچھ نیا اور چٹپٹا آزمانا چاہتے ہیں تو ہری مرچ والا قیمہ ایک بہترین انتخاب ہے۔ تازہ ہری مرچوں، خوشبودار مصالحوں اور نرم قیمے سے تیار ہونے والی یہ ڈش نہ صرف ذائقے میں منفرد ہے بلکہ گرم چپاتی یا نان کے ساتھ بے حد مزے دار لگتی ہے۔

اس مزیدار ڈش کے لیے آدھا کلو قیمہ، آٹھ سے دس ہری مرچیں، دو درمیانے سائز کی پیاز، تین درمیانے ٹماٹر، ایک بڑا چمچ ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک حسبِ ذائقہ، ایک بڑا چمچ لال مرچ پاؤڈر، ایک چھوٹا چمچ پسا ہوا ثابت دھنیا، ایک چھوٹا چمچ ہلدی، آدھی گٹھی ہرا دھنیا اور آدھی پیالی تیل درکار ہوگا۔

ترکیب کے لیے سب سے پہلے ہری مرچوں کو دھو کر لمبائی میں کاٹ لیں۔ قیمے کو اچھی طرح دھو کر چھلنی میں رکھ دیں تاکہ اضافی پانی نکل جائے۔ ٹماٹر اور ہرا دھنیا باریک کاٹ کر الگ رکھ لیں۔

اب ایک فرائنگ پین میں تیل گرم کریں اور اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کر ہلکا سنہرا ہونے تک فرائی کریں۔ اس کے بعد ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کریں اور ایک سے دو منٹ تک بھونیں۔ پھر ٹماٹر، نمک، لال مرچ، دھنیا پاؤڈر اور ہلدی شامل کرکے مصالحے کو اچھی طرح پکائیں۔

جب مصالحہ بھن جائے تو اس میں قیمہ شامل کریں اور اچھی طرح مکس کرکے ڈھکن لگا دیں۔ درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا اپنا پانی خشک ہو جائے۔ اس کے بعد چند منٹ مزید بھونیں اور آدھی پیالی پانی شامل کرکے دوبارہ ڈھانپ دیں۔

جب پانی خشک ہو جائے اور تیل الگ نظر آنے لگے تو ہری مرچیں اور کٹا ہوا ہرا دھنیا شامل کر دیں۔ آخر میں ہلکی آنچ پر تین سے چار منٹ دم دیں تاکہ تمام ذائقے اچھی طرح یکجا ہو جائیں۔ مزیدار ہری مرچ والا قیمہ تیار ہے، جسے گرم گرم چپاتی، نان یا پراٹھے کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔