علی رامے: پنجاب حکومت نے چھوٹے کاروباری طبقے اور صنعتی ترقی کے لیے 100 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صنعتی ترقی اور برآمدی پروگرام کے لیے قرضوں کی مد میں خطیر رقم فراہم کی جائے گی۔
نئے مالی سال کے بجٹ میں شامل اس پیکج کا مقصد صنعتی شعبے کو فروغ دینا، برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs)، مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل اور ایگرو پراسیسنگ سیکٹر کو خصوصی مالی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پیکج کے تحت صنعتی شعبے کو کم شرح سود پر قرضے اور سبسڈی دی جائے گی، جبکہ بعض شعبوں کے لیے شرح سود صفر سے 5 فیصد تک رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق چھوٹے، درمیانے اور بڑے صنعتی منصوبوں کے لیے الگ الگ مالیاتی ماڈلز تیار کیے جائیں گے۔ برآمدی صنعتوں کو طویل المدتی اور کم شرح سود والے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
مزید یہ کہ صنعتی منصوبوں کے لیے قرض کی مدت 5 سے 10 سال تک رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو بہتر مالی سہولت میسر آ سکے۔