عرفان ملک: لاہور پولیس نے اشتہاری مجرمان کے خلاف جاری آپریشن میں اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے رواں سال اے اور بی کیٹیگری کے 16 ہزار 300 سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے اشتہاریوں میں اے کیٹیگری کے 3 ہزار 192 جبکہ بی کیٹیگری کے 13 ہزار 204 اشتہاری مجرمان شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کے باعث شہر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مطلوب اشتہاریوں کو فالو اپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے ذریعے قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق اشتہاری مجرمان کی سرکوبی کے لیے ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بی کیٹیگری کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے پولیس ٹیموں کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا۔
پولیس حکام کے مطابق اشتہاری مجرمان کی گرفتاری سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس طلب کی جا رہی ہیں تاکہ کارروائیوں کی مؤثر نگرانی اور مطلوب نتائج کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔