ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

قائمہ کمیٹی کی لیاری ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت

 قائمہ کمیٹی کی لیاری ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور نے لیاری ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی نے منصوبے کے مالی اور انتظامی معاملات جلد حل کرنے پر زور دیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس چیئرمین مرزا اختیار بیگ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں لیاری ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوریائی کمپنی نے منصوبے کی لاگت 164 ارب روپے جبکہ این ایچ اے نے 88 ارب روپے تخمینہ لگایا تھا۔ حکام کے مطابق کوریائی کمپنی نے منصوبے میں اسٹیل پل کی تعمیر کی تجویز بھی دی تھی۔

رکن کمیٹی جاوید حنیف نے کہا کہ منصوبہ کراچی پورٹ سے ایم نائن موٹر وے تک رابطے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ کوریا سے صرف قرض لیا جائے جبکہ تعمیراتی کام مقامی سطح پر کرایا جائے تاکہ لاگت کم رکھی جا سکے۔کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کے مطابق کوریائی فریق نے منصوبے کی مجموعی لاگت 300 ارب روپے ظاہر کی، جبکہ این ایچ اے کے مطابق موجودہ تخمینہ تقریباً 120 ارب روپے ہے۔

چیئرمین کمیٹی مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ لیاری ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کراچی کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے اور رات کے وقت کنٹینرز کی آمدورفت سے شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر اس کی جلد تکمیل ضروری ہے۔سیکرٹری اقتصادی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ منصوبے کے لیے قرض کراچی پورٹ ٹرسٹ نے لینا تھا۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر کے پی ٹی منصوبہ خود مکمل نہیں کر سکتی تو اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یا پی ایس ڈی پی کے ذریعے مکمل کیا جائے۔

قائمہ کمیٹی نے سیکرٹری اقتصادی امور کو ہدایت کی کہ وزارت منصوبہ بندی، این ایچ اے اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کیساتھ مشاورت کر کے منصوبے کے مالی اور انتظامی امور جلد از جلد طے کیے جائیں تاکہ منصوبے پر عملی پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔