سٹی 42:نئے مالی سال کے پہلے ہی ماہ کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بری خبر سامنے آ گئی۔ نیپرا نے مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جبکہ اس کا اطلاق کراچی کے کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اضافی چارجز رواں ماہ جولائی کے بجلی کے بلوں میں وصول کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مئی 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے لیے 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے درخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی ہے۔