(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کی سب سے بڑی بندر گاہ جبل علی پورٹ میں رات گئے زور دار دھماکہ ہوا ہے جس سے پورا دبئی ہل کر رہ گیا ،دھماکہ کے بعد بندر گاہ پر کھڑے کینٹینر میں آگ لگ گئی، جس کے شعلے آسمان سے باتیں کرتے دکھائی دیئے۔
ذرائع کے مطابق دھما کے کی آواز شہر بھر میں سنی گئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیاں اور دروازے لرز اٹھے جبکہ آگ کے شعلے دور دور سے دکھائی دیئے، دھماکے کے فوری بعدامدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق دھماکہ بندرگاہ پر کھڑے جہاز میں ہوا، ابتدائی طور پر ابھی اس بات کا پتہ نہیں چل سکا کہ جس جہاز میں دھماکہ ہوا ہے وہ کس ملک سے آیا تھا؟ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقاتی ٹیموں نے اپنی کارروائی شروع کردی۔
جبل علی پورٹ کی انتظامیہ کا کہناہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ بندرگاہ پر کسی رکاوٹ اور تعطل کے بغیر جہازوں کی نقل و حرکت جاری رہے ۔
دوسری جانب ڈی ایم او کی ڈائریکٹر جنرل مونا الماری کا کہنا تھا کہ ایسا حادثہ دنیا میں کسی بھی جگہ ہو سکتا ہے ، دبئی حکومت نے دھماکے کے فوری بعد حادثے کی تفصیلات میڈیا کو بتا دی ہیں تاکہ بے بنیاد افواہوں کے پھیلنے کی بجائے شہریوں کو حقیقت معلوم ہو سکے۔