اویس کیانی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں سے اپنی ملاقاتوں کے حوالے سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔
جین میریٹ نے کہا کہ 8 فروری کو اجتماعیت کے حامل انتخابات کا انعقاد پاکستان کے مستقبل کے لئے اہم ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے مختلف مقدمات سے بریت پر مسلم لیگ (ن) کے قائد کو مبارک دی۔