ویب ڈیسک: حکومت پاکستان نے پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرانے کی تاریخ میں اضافہ کردیا ہے اب کرنسی نوٹ 31 دسمبر 2022ء تک تبدیل کرائے جاسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی سفارشات پر وفاق نے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے کاغذی نوٹ تبدیل کرانے کی تاریخ ایک سال مزید بڑھا دی ہے۔ اس سے پہلے یہ پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2021ء مقرر کی گئی تھی۔
وفاقی حکومت کے 23 دسمبر 2021ء کے گزٹ نوٹی فیکیشن کے مطابق مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد پرانے نمونہ کے کرنسی نوٹ منسوخ تصوّر کئے جائیں گے اور انہیں تبدیل بھی کرایا نہیں جا سکے گا۔
وارننگ کے مطابق نوٹ تبدیلی کی اس تاریخ میں وفاقی حکومت کی طرف سے یہ توسیع قطعی آخری بار ہے اور عوام کو ہدایت کی جاتی ہےکہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا تے ہوئے 31 دسمبر 2022ء تک مرکزی بنک کے دفاتر سے اپنے پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کو تبدیل کرا لیں۔