راؤ دلشاد:بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس کے باعث تین روز میں تقریباً 9 لاکھ گاڑیوں کی شہر میں انٹری ریکارڈ کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ نگرانی بسنت کے انتظامات اور ٹریفک صورتحال سے متعلق ایک خصوصی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے دو روزہ بسنت کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
اجلاس میں ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی، کمشنر لاہور، محکمہ صحت، پی ایچ اے، پولیس اور سکیورٹی حکام نے انتظامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی گئی مفت سفری سہولت سے شہریوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
دو روز کے دوران سرکاری بسوں پر تقریباً 14 لاکھ مسافروں نے مفت سفر کیا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر 6 لاکھ سے زائد، میٹرو بس پر 2 لاکھ 78 ہزار، اسپیڈو فیڈر بسوں پر 3 لاکھ 57 ہزار، الیکٹرو بس فیڈر روٹس پر 30 ہزار، خصوصی مہیا کردہ بسوں پر 60 ہزار جبکہ گرین الیکٹرو بسوں پر 52 ہزار مسافروں نے مفت سفر کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے بسنت کے آخری روز بھی 419 بسیں دستیاب رہیں گی، جبکہ آج بھی 6 ہزار آن لائن رکشوں پر حکومت کی جانب سے مفت رائیڈز فراہم کی جا رہی ہیں۔