ویب ڈیسک : وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ پورے ملک میں آج تعمیر و ترقی کا دن منایا جارہاہے، عوام سے کئے وعدے پورے کر رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے یوم تعمیروترقی کے موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کئے وعدے پورے کر رہے ہیں، حلقے کے عوام کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کر رہے ہیں، میری والدہ حلقے کے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ ووٹ لینے کے بعدغائب نہیں، آپ کے درمیان رہوں گا، ہمیشہ عوام کا ہاتھ اور بازو بن کر ان کے ساتھ رہوں گا، ہمارے تمام کارکن عوامی خدمت میں حصہ لے رہے ہیں، 5 سال بعد حلقے کی شکل بدل کر رکھ دیں گے، تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پورے ملک میں آج تعمیر و ترقی کا دن منایا جارہاہے، ہماری سٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین سٹاک مارکیٹوں میں سے ایک ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والے190 ملین پا ؤنڈ کی چوری میں ملوث نکلے، پانچ، پانچ قیراط کی ہیرے کی انگوٹھیاں مانگنے والے دھاندلی کا رونارو رہے ہیں، پی ٹی آئی کے پاس خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں، ان لوگوں کی آپس کی لڑائیوں میں خیبرپختونخوا کا براحال ہوچکا ہے، یہ لوگ روتے رہیں گے اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، عوام نے احتجاج کی کال مسترد کر دی، صوابی جلسہ ناکامی سے دوچارہوا،تحریک انتشار والے ہمارے نہیں، پاکستان کے مخالف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الزام، جھوٹ اور منافقت کی سیاست ان لوگوں کا وتیرا ہے، پی ٹی آئی نے 4سال کھوکھلے نعروں کی بنیاد پرحکومت چلائی، پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑچکی ہے، یہ آپس میں دست وگریباں ہیں۔