الیکشن کمیشن کی مبصرین اور میڈیا کے حوالے سے ہدایات

الیکشن کمیشن کی مبصرین اور میڈیا کے حوالے سے ہدایات
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے مبصرین اور میڈیا کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایکریڈیشن کارڈ یا اجازت نامے کے حامل تمام مبصرین اور میڈیا کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی اجازت ہے۔

ایک بیان میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایکریڈیشن کارڈ الیکشن کمیشن کے ترجمان اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پریزائیڈنگ افسران کو اجازت نامے کے حامل آبزرورز اور میڈیا کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے سے نہ روکنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت کا آغاز ہوگیا ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

آج 12 کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔

عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

Ansa Awais

Content Writer