کبڈی ورلڈ کپ، ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

کبڈی ورلڈ کپ، ٹرافی کی رونمائی کردی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( وسیم احمد ) کبڈی ورلڈ کپ کی ٹرافی کی لاہور میں رونمائی کردی گئی، لوک فنکار عارف لوہار کی جگنی پر بھارتی اور تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں نے خوب بھنگڑے ڈالے۔

گورنر ہاؤس میں کبڈی ورلڈکپ کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب سجائی گئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ٹرافی کی رونمائی کہ جبکہ ٹیموں کو عشائیہ بھی دیا گیا۔تقریب میں چاروں صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے فنکاروں نے پرفارم کرکے سماں باندھ دیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے روایتی کھیل کبڈی کے میگا ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد کو سنگ میل قرار دیا۔ لوک فنکار عارف لوہار نے جگنی گا کر کبڈی کھلاڑیوں سمیت شرکاء تقریب کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

دوسری جانب کبڈی کے عالمی میلہ کیلئے میدان سج گیا ہے، ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں۔ بھارتی ٹیم کے لاہور پہنچنے پر وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔ وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کبڈی ورلڈکپ کامیاب بنا کر پوری دنیا کو پرامن ہونے کا پیغام دیں گے۔ کبڈی فیڈریشن کے صدر شافع حسین نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ ہو رہا ہے، شائقین کو اچھے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔

بھارتی کپتان گرلال سنگھ نے کہا کہ ہماری ثقافت و زبان ایک ہے، پاکستان میں بہت عزت ملتی ہے۔ کپتان پاکستان ٹیم عرفان مانا کہتے ہیں ہیرا بٹ کی موجودگی سے ٹیم مضبوط ہوگئی ہے، فائنل میں شکست کا تسلسل اس سال توڑ دیں گے۔

  کبڈی ورلڈکپ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی ہے، جنرل انکلوژر کی ٹکٹ دو سو اور وی آئی پی انکلوژر کی چار سو روپے میں دستیاب ہے۔ اتوار کو پہلا میچ پاکستان اور کینیڈا جبکہ دوسرا ایران اور سرالیون کے مابین کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کل 9 فروری سے پنجاب فٹ بال سٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔ اس عالمی کپ میں پاکستان سمیت بھارت، ایران، افغانستان، کینیڈا، آسٹریلیا اور دیگر ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ افتتاحی اور اختتامی تقریبات پنجاب سٹیڈیم میں ہوں گی۔ 

آٹھ روزہ ایونٹ کے پہلے تین روز مقابلے پنجاب سٹیڈیم میں ہوں گے۔ 13،12 فروری کو میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد منعقد ہوں گے۔ چودہ فروری کو مقابلے گجرات جبکہ 15،16 فروری کو میچز پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔