خوشی غم میں تبدیل، شادی والے گھر صف ماتم بچھ گئی

خوشی غم میں تبدیل، شادی والے گھر صف ماتم بچھ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عابد چوہدری) رائیونڈ کے علاقے میں شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، پچیس سالہ لڑکی کو نامعلوم افراد نے پارلر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کردیا، ملزمان فرار جب کہ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقہ جیابگا کی رہائشی پچیس سالہ طاہرہ اپنی بہن شازیہ کے ہمراہ مہندی کی تقریب کے لئے تیار ہونے کے لئے بیوٹی پارلر جارہی تھی کہ اسی دوران نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے بعد طاہرہ کو تشویشناک حالت میں جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طاہرہ کی اتوار کے روز بارات آنی تھی جب کہ گلبرگ کے رہائشی محمد بابر سے اس کی شادی طے پائی تھی تاہم ابھی واقعہ کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

پولیس نے مقتولہ کے موبائل اور موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل فون کی مدد سے جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔