سٹی42: پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہو ا جس میں کئی بڑے فیصلےکر دیئےگئے۔ الیکشن 90 روز میں کروانے کے لئے تحریک انصاف مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلہ کو چیلنج کرنے کے لئے عدالت عظمیٰ میں جائے گی، انتخابی نشان بلا کا دفاع کرے گی اور پارٹی چیئرمین کا منصب تاحیات بانی چیئرمین جناب عمران خان کیلئے مختص کر دیا جائے گا، منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہو ا جس میں کئی بڑے فیصلےکر دیئےگئے۔
کور کمیٹی کے ارکان نے ایک متفقہ قرارداد منظور کر کے چیئرمین کا منصب تاحیات بانی چیئرمین جناب عمران خان کیلئے مختص کر دیا۔ کور کمیٹی نے چیئرمین عمران خان کی جیل سے بھجوائی گئی خصوصی ہدایات کی روشنی میں یومِ آزادی کو بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان تحریک انصاف پاکستان اور دنیا بھر میں یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منعقد کرے گی۔
چیئرمین عمران خان کی منظوری سے تحریک انصاف نےمشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو عدالتِ عظمیٰ میں چیلنج کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔
انتخابات کو التواء کا شکار کرنے کی ہر کوشش کی بھرپور قانونی و سیاسی مزاحمت پر اتفاق کیا گیا۔
قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد انتخابات کے بہرصورت 90 روزہ آئینی مدت ہی میں انعقاد پر اصرار کیا جائے گا۔
بنیادی حقوق اور شخصی آزادیوں کے تحفظ کیلئے آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو بھی عدالتِ عظمیٰ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے کہا کہ، فسطائی حکومت کی جانب سے قوانین کو خون آشام بنانے کے سلسلے کی راہ روکیں گےاور حقوق و شخصی آزادیوں کا ہر حال میں تحفظ کریں گے،
تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے انتخابی نشان سے محروم کرنے کی ہر کوشش کی بھی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا گیا۔ کور کمیٹی نے کہا کہ ”بلّے“ کا انتخابی انشان بطور جماعت ہمارا حق ہے، سلب کرنے کی قابلِ مذمّت کوشش کی گئی تو ہر ممکن قانونی و سیاسی طریقے سے چیلنج کریں گے۔
قانونی ٹیم کی جانب سے توشہ خانہ فیصلے کیخلاف اپیل، چیئرمین عمران خان سے جیل میں وکلاء و دیگر کی ملاقاتوں سمیت متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔