فاران یامین:شہر میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے موٹر سائیکل چوری میں ملوث گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق شالیمار پولیس نے ملزمان کو مدینہ کالونی روڈ سے ٹریس کر کے حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان شہری علاقوں میں ریکی کرتے تھے اور بغیر لاک کے کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان چند روز قبل ایک موبائل شاپ کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے تھے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان کی شناخت ممکن ہوئی۔
ایس پی سِول لائنز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دورانِ تفتیش گن پوائنٹ پر متعدد وارداتیں کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 چوری شدہ موٹر سائیکلیں، ایک پستول اور متعدد موبائل فونز برآمد کر لیے ہیں۔
گرفتار ملزمان، جن کی شناخت علی اور وقاص کے نام سے ہوئی ہے، کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔