فاران یامین:ڈولفن اسکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ (پی آر یو) نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 رائفلیں، گولیاں اور میگزین برآمد ہوئے۔ ڈولفن اسکواڈ نے کارروائی کے دوران 3 خطرناک ڈکیت گینگ بھی گرفتار کیے۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق دورانِ پٹرولنگ 10 اشتہاری ملزمان سمیت 75 عادی مجرمان اور 2 عدالتی مفروروں کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 13 مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا جبکہ 78 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایس پی ڈولفن کے مطابق ون ویلنگ اور پتنگ بازی میں ملوث 15 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف مقامات سے 67 سے زائد افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔