ویب ڈیسک: بھارت کے صوبے مدھیہ پردیش کے گاؤں میں بارش کے لئے دیہاتیوں نے کم سن لڑکیوں کو ننگا کرکے پورے گاؤں میں گھمایا۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ان دنوں ایسی کئی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جن میں کندھے پر لکڑی کا ایک ڈنڈا، جس میں ایک مینڈک بندھا ہوا ہے، لے کر کمسن لڑکیوں برہنہ حالت میں پورے گاؤں میں گھوم رہی ہیں۔ مدھیا پردیش صوبے میں بندیل کھنڈ علاقے کے داموہ ضلع ہیڈکوارٹر سے کوئی پچاس کلومیٹر دور بانیا گاؤں شدید خشک سالی کا شکارہے۔
ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ گاؤں والوں کا ماننا ہے کہ اگر لڑکیوں کو برہنہ گھمایا جائے تو بارش کے بھگوان اندردیوتا خوش ہوجاتے ہیں۔گاؤں والوں نے اسی لئے چھ لڑکیوں کو برہنہ کرکے پورے گاؤں میں گھمایا۔ لڑکیوں کے ساتھ خواتین بھی چل رہی تھیں، وہ بھجن گارہی تھیں اورگھر گھر جاکر وہاں سے کھانے پینے کی چیزیں مانگ رہی تھیں۔ ان چیزوں کو یکجا کرکے بعد میں ایک مندر میں پکایا گیا اور پورے گاؤں کے لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔
مدھیا پردیش پولیس نے کہا ہے کہ انہیں اس واقعے کے سلسلے میں اب تک کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔ تاہم بچوں کے حقوق کے تحفظ کے قومی کمیشن نے اس واقعے پر ضلعی انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا ہے۔