ویب ڈیسک : الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لیے ووٹر لسٹیں اور پولنگ سکیم جاری کردی ۔ بیس وارڈز میں 5 لاکھ 99 ہزار 397 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی فہرست میں لاہور کی 20 وارڈز کی خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 541 ہے۔ والٹن بورڈ میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 94 ہے۔ لاہور کینٹ بورڈ میں ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 3 ہے۔ لاہور کے دو کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے لیے کل 357 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔والٹن بورڈ میں 236 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جن میں 184 مشترکہ ہونگے۔ لاہور کینٹ بورڈ میں کل 121 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جن میں87 مشترکہ ہونگے۔ لاہور کے دو کنوٹمنٹ بورڈ میں 1082 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ والٹن بورڈ میں 726 جبکہ کینٹ بورڈ میں 336 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ لاہور کی 20 وارڈز میں پولنگ 12 ستمبر کو ہوگی۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے 12 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کیلئے مبصرین، سکیورٹی فورسز اور میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے ایکریڈیشن کارڈ کے حامل کوئی مبصر یا صحافی انتخابی عمل کی مانیٹرنگ یا کوریج کر سکے گامبصرین کی جانب سے پاکستان کے قوانین کا احترام کیا جائے گا۔ وہ کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں ملوث نہیں ہوں گے۔
میڈیا کیلئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی بھی ریڈیو، ٹیلی ویژن یا چینل کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے حق میں عوامی رائے کو متاثر کرنے کا کوئی مواد براڈ کاسٹ یا ٹیلی کاسٹ نہیں کر سکے گا۔ میڈیا پریذائیڈنگ آفیسر یا ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری کئے گئے مستند انتخابی نتائج ہی جاری کر سکیں گے۔ کسی بھی امیدوار کی ذاتی زندگی کے بارے میں ریمارکس نہیں دیئے جا سکیں گے