پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے سہولیات کا بڑا پیکج

prisoners in jail
کیپشن: Prisoners
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : پنجاب بھر کی جیلوں میں کیبل ٹی وی  انٹرٹینمنٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب قیدی فلمیں ڈرامے اور گانے بھی دیکھ سکیں گے جبکہ جیلوں میں ایل سی ڈی ٹی وی بھی نصب کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب  کی جانب سے جیلوں میں اصلاحاتی پروگرام کے تحت ایک اعلی سطحی اجلاس ہوا، جس میں کئے گئے فیصلوں کے تحت اب پنجاب کی جیلوں میں قید تمام قیدیوں کو فوم کے گدے،  کمبل اور تکیہ وغیرہ گھر سے لا کر استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے قیدیوں کو گھر سے استعمال کی چیزیں لانے کی اجازت نہیں تھی۔ اسی طرح سردیوں میں قیدیوں کے لیے گرم پانی کی سہولت قیدیوں کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام بیرکوں اور سیلوں کو ایئر کولر، ایگزاسٹ فین اور ایل ای ڈی لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔ اس اجلاس میں جیلوں کے نظم نسق کو مزید بہتر بنانے کے لیے پانچ ہزار کے قریب نئے وارڈنز کی بھرتی کے علاوہ جیلوں کے عملے کے لیے سروس سٹرکچر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں جیلوں میں قائم ہسپتالوں اور ڈسپنسریز میں خالی آسامیوں پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتیاں کرنے کے بھی احکامات دیے ہیں۔

یاد رہے کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں حکومت ماہر نفسیات بھی بھرتی کر چکی ہے۔ جو قیدیوں کی ذہنی صحت سے متعلق کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے قیدیوں پر تشدد اورغیر انسانی سلوک کے خاتمے کے لیے قابل عمل سفارشات مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں کے اندر ویڈیو سرویلنس بڑھائی جائے تاکہ تشدد کے واقعات کی روک تھام ہو۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ جیلوں میں لگے فون بوتھ میں یہ سہولت دی گئی ہے کہ کوئی قیدی اپنے گھر والوں یا وکیل سے کال پر بات کرتے ہوئے ایک بٹن دبا کر اپنے ساتھ ہونے والے سلوک سے متعلق الرٹ کر سکتا ہے۔

 اس اجلاس میں صوبائی وزرا  قانون راجہ بشارت، فیاض الحسن چوہان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔