سٹی42: بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں کے لیے اسٹامپ پیپر حاصل کرنا اب آسان ہو گیا ، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) نے اوورسیز شہریوں کے لیے او ٹی پی حاصل کرنے کے عمل میں آسانی پیدا کر دی ہے۔
اب بیرونِ ملک مقیم پاکستانی او ٹی پی اپنی ای میل ایڈریس پر وصول کر سکیں گے، جس سے اسٹامپ پیپر کے حصول میں پیش آنے والی رکاوٹیں ختم ہو جائیں گی۔ اس سے قبل نئی پالیسی کے تحت اسٹامپ پیپر حاصل کرنے کے لیے رجسٹرڈ سم ضروری تھا، جو اوورسیز شہریوں کے لیے مشکل ثابت ہو رہی تھی۔
ترجمان PLRA کے مطابق اوورسیز شہریوں کے لیے ای میل ایڈریس پر او ٹی پی حاصل کرنا لازمی ہوگا اور یہ ذاتی ہونا چاہیے۔ ای میل ایڈریس کی پالیسی صرف اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ہے، جبکہ مقامی شہری اب بھی او ٹی پی رجسٹرڈ سم کے ذریعے ہی وصول کریں گے۔
اس تبدیلی سے اسٹامپ پیپر کے حصول میں آسانی کے ساتھ ساتھ مختلف مقاصد، جیسے مختار عام وغیرہ کے لیے بھی بیرونِ ملک مقیم افراد کو سہولت ملے گی۔