سٹی 42 : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران اللہ کی مدد شاملِ حال رہی جبکہ پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں اور افواج نے معرکۂ حق میں اہم کردار ادا کیا ،افواج پاکستان نے معرکہ حق میں کامیابی سے قوم کا سرفخر سے بلند کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور نئی دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازوں نے دشمن پر خوف طاری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی اللہ کی مدد سے ملی اور پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک بھر میں معرکۂ حق کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ پاکستان نے بھارت کی طرح چھپ کر حملہ نہیں کیا بلکہ کھل کر جواب دیا، معرکہ کے دوران ملنے والی ایڈوانس معلومات نے فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پاکستانی میزائلوں نے مکمل درستگی کے ساتھ بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں انٹیلی جنس اداروں کا کلیدی کردار رہا اور پاکستان کو پہلے ہی معلوم تھا کہ بھارت کن اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے،بھارت کی جانب سے ہونے والے سائبر حملوں کو بھی ناکام بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق میں کلیدی کردار ادا کیا اور وہ ایئر چیف و نیول چیف سے مسلسل رابطے میں رہے، وزیراعظم شہباز شریف بھی ہر وقت عسکری قیادت سے رابطے میں رہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے جواب سے بھارت خوفزدہ ہوگیا تھا، اسی لیے اس نے جنگ بندی کے لیے مختلف ممالک سے رابطے کیے اور امریکا سے بھی مدد مانگی، انہوں نےکہا کہ اگر جنگ بندی نہ ہوتی تو بھارت کو “10 گنا زیادہ نقصان” اٹھانا پڑتا۔انہوں نے نے کہا کہ بھارتی جہاز اور حساس علاقے پاکستان کے ریڈار پر تھے جبکہ دوبارہ جارحیت کا سوچنا بھی بھارت کے لیے مشکل ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے آئندہ کسی قسم کی جارحیت کی تو اسے “چار گنا زیادہ جواب” دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان روزانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور بلوچستان و خیبر پختونخوا میں درجنوں دہشت گرد حملے ناکام بنائے جارہے ہیں، وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ اگر افغانستان پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث پایا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم مشکل وقت میں بنکرز میں نہیں گئے بلکہ عوام اور اداروں کے ساتھ کھڑے رہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیلڈ مارشل، صدر مملکت اور وزیراعظم کا مشترکہ کامبی نیشن ملک کے لیے مثبت نتائج لائے گا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل پر یقین رکھیں آپ کو سوچ سے زیادہ اچھے نتائج ملیں گے، امریکا ایران مذاکرات کے دوران کئی بار بات بنتے اور بگڑتے دیکھی۔