اویس کیانی:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے عازمین حج اور دیگر مسافروں کو فراہم کی جانے والی امیگریشن سہولیات اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے “روڈ ٹو مکہ” پروگرام کے تحت قائم خصوصی کاؤنٹرز کا معائنہ کیا، جہاں پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب روانگی سے قبل ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ عملے سے ملاقات بھی کی اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔
حکام کے مطابق روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت عازمین حج کے لیے پاکستان ہی میں سعودی امیگریشن کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے، جس سے مسافروں کو سعودی عرب پہنچنے پر وقت اور مشکلات دونوں میں کمی آتی ہے۔
عازمین حج نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیگریشن کا عمل نہایت آسان اور تیز رفتار تھا اور انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
وزیر داخلہ نے جوائنٹ سرچ چیک پوسٹ کا بھی معائنہ کیا اور سکیورٹی سسٹم کو مزید مؤثر اور جدید ٹیکنالوجی سے اپ گریڈ کرنے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کو سہولت فراہم کرنا اور ساتھ ساتھ سکیورٹی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ ایئرپورٹ پر نظام مزید بہتر بنایا جا سکے۔
دورے کے موقع پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد بخاری اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔