ویب ڈیسک: پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہفتے کو چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ چِن گانگ اور افغانستان کے قائم مقام وزیر برائے امور خارجہ امیر خان متقی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقامہ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے ان کے دفتر میں چینی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے چین پاکستان سٹریٹجک تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی بھی مکمل حمایت کا اظہار کیا جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا ایک اہم جزو ہے۔انہوں نے کہا ’علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت قابل تعریف ہے۔
اس موقعے پر چینی وزیر خارجہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سٹریٹیجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’سی پیک پر ہونے والی پیش رفت قابل اطمینان ہے اور چین نے راہداری کی بروقت تکمیل کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اس موقعے پر خطے میں سلامتی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں چین کے کردار کو تسلیم کیا۔آرمی چیف اور چینی وزیر خارجہ نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں جاری تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پوری اترنے والی پائیدار دوستی کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف سے قائم مقام افغان وزیر برائے امور خارجہ امیر خان متقی نے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔