سٹی 42: لاہور سمیت پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگراموں کے دوران پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
پنجاب پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر افسران کو گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں، اہم اور حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں جبکہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری اور سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں اور تعینات افسران و اہلکار ہر وقت الرٹ رہیں۔
پنجاب پولیس کے مطابق گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے گئے جبکہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی گئی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے علماء کرام، مسیحی برادری اور امن کمیٹیوں کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔