روزینہ علی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی اور ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی، سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔
پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ، بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین کے درمیان آزاد کشمیر کی صورت حال سے متعلق مشاورت کی گئی ۔ بلاول بھٹو زرداری اور پی پی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور کو پی پی اے جے کے کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے حالیہ صورت حال سے متعلق تجاویز دیں، بلاول بھٹو زرداری اور پی پی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور نے پی پی اے جے کے کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین کی تجاویز کو سنا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کروں گا اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے اسمبلی سے نکالا جائے گا۔