فاران یامین:لاہور: نیو شاد باغ چوک کے علاقے میں واقع ایک پان شاپ پر پولیس کے مبینہ چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس کے بعد واقعے نے مقامی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے۔
دکان مالک کے مطابق چھاپہ مبینہ طور پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او مصری شاہ کی نگرانی میں مارا گیا۔ سامنے آنے والی فوٹیج میں پولیس اہلکار دکان کے اندر موجود نظر آتے ہیں اور مبینہ طور پر غلے کا تالہ توڑ کر تلاشی لیتے دکھائی دیتے ہیں۔
مالک کا دعویٰ ہے کہ پولیس رات تقریباً 11 بجے کے بعد بند دروازے توڑ کر دکان میں داخل ہوئی، جبکہ اس وقت چند ملازمین دکان بند کرنے کے بعد اندر سامان ترتیب دے رہے تھے۔ ان کے مطابق ڈی ایس پی، ایس ایچ او مصری شاہ اور تھانہ شاد باغ کے اہلکار دکان میں داخل ہوئے اور کارروائی کی۔
دکان مالک نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکار کارروائی کے دوران دکان سے 15 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور دیگر سامان اپنے ساتھ لے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کارروائی مقصود تھی تو ملازمین کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کی جا سکتی تھی۔
مالک نے سوال اٹھایا کہ پولیس کس قانون کے تحت دکان سے نقدی اور سامان اپنے ساتھ لے گئی۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ کارروائی کے دوران بعض اہلکار دکان میں موجود فریزر سے جوس نکال کر پیتے رہے۔
دکان مالک کے مطابق منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو خفیہ کیمروں کی ریکارڈنگ ہے، جبکہ دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ اور سی ڈی آر پولیس اپنے ساتھ لے گئی۔
تاہم، اس واقعے اور الزامات کے حوالے سے تاحال پولیس کا مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت یا ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔