سٹی42: عید الاضحیٰ پر سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ پورے صوبے میں بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے قربانی کی کھالوں کے بارے میں اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ شہری قربانی کی کھالیں صرف منظور شدہ اداروں یا فلاحی تنظیموں کو ہی دیں، نامعلوم یا غیر مجاز افراد کو ہرگز نہ دیں۔ کالعدم تنظیموں کو کھالیں دینا یا کسی بھی صورت میں ان کی معاونت کرنا قانونی جرم ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ زبردستی یا دھمکی دے کر کھالیں اکٹھی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی جگہ ایسی غیر قانونی سرگرمی دیکھیں تو فوراً 15 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔
پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی قربانیوں کے جذبے کو ضائع نہ ہونے دیں اور کھالوں کے عطیات دیتے وقت قانونی تقاضوں اور قومی سیکیورٹی کو ہر حال میں مدنظر رکھیں۔