عیسیٰ ترین : چمن میں امن وامان کی صورتحال کے باعث ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے ۔
ریلویز کنٹرول ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کو چمن میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث معطل کیا گیا ہے ،ٹرین سروس کو مزید معطل رکھنے کے بارے میں فیصلہ کل شام کو صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیاجائے گا، چمن میں احتجاج کے باعث صورتحال تیسرے روز بھی کشیدہ رہی ،مظاہرین کی جانب سے مختلف علاقوں میں پتھراو کیا گیا ، مظاہروں کی وجہ سے شہر میں تجارتی مراکز بند رہے ۔
پولیس ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا ، پتھراو کے الزام میں متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ،صرف درست پاسپورٹ اور ویزہ رکھنے والوں کو ہی چمن سرحد پار کرنے کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے کے خلاف چمن میں ایک ماہ سے دھرنے اور مظاہرے جاری ہیں۔