عثمان خان:حج 2026 کے لیے رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، جہاں صرف 15 دنوں میں رجسٹرڈ عازمینِ حج کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق گزشتہ روز مزید 12 ہزار 880 افراد نے گھر بیٹھے آن لائن حج رجسٹریشن مکمل کی۔
حکام کے مطابق حج پورٹل اور "پاک حج" موبائل ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل آسان اور مؤثر بنایا گیا ہے، جو وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق جدید سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارت نے عندیہ دیا ہے کہ اگلے مرحلے میں حج واجبات کی ادائیگی بھی مکمل طور پر آن لائن وصول کی جائے گی۔
نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج مینجمنٹ سسٹم نے عازمینِ حج اور وزارتِ مذہبی امور کے درمیان رابطے کو مزید سہل بنا دیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 87 ہزار افراد نے سرکاری جبکہ 63 ہزار عازمین نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔
رجسٹرڈ عازمین میں 3 ہزار پی ایچ ڈی، 45 ہزار ماسٹرز اور 60 ہزار بیچلرز ڈگری ہولڈرز شامل ہیں، جبکہ عمر کے لحاظ سے 33 سے 44 سال کے عازمین 76 ہزار کی تعداد کے ساتھ سب سے بڑا گروپ ہیں۔