عرفان ملک:نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے صوبہ بھر میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران جعلی قرض سکیموں، ویزا فراڈ، سوشل میڈیا فراڈ اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق این سی سی آئی اے نے جعلی قرض سکیموں اور ویزا فراڈ سے متعلق دو الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
ملتان میں کارروائی کے دوران سوشل میڈیا فراڈ اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں سے رقم بٹورنے والے 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح فیصل آباد میں مختلف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، سم کارڈز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں، جنہیں مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو آن لائن فراڈ اور دیگر سائبر جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔