ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

رات کے اندھیرے میں چیچہ وطنی سے لاہور جعلی دودھ کی سپلائی ناکام

رات کے اندھیرے میں چیچہ وطنی سے لاہور جعلی دودھ کی سپلائی ناکام
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کلیم اختر: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے چیچہ وطنی سے لاہور لائے جانے والے جعلی دودھ کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔ شاہ عالم مارکیٹ میں کیے گئے کریک ڈاؤن کے دوران 3,600 لٹر ملاوٹی دودھ برآمد کر کے تلف کر دیا گیا، جبکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ کی سربراہی میں کارروائی کے دوران دودھ کے نمونوں کی جانچ کی گئی، جس میں پانی، ویجیٹیبل گھی، کیمیکلز اور دیگر ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ ثابت ہوئی۔ حکام کے مطابق انسانی صحت کے لیے مضر دودھ کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

اسد اللہ نے بتایا کہ گزشتہ ماہ صوبہ بھر میں 26 ہزار 766 دودھ سپلائرز، دکانوں اور یونٹس کی چیکنگ کی گئی، جبکہ ایک کروڑ 15 لاکھ 78 ہزار لٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران 67 ہزار 976 لٹر جعلی اور غیر معیاری دودھ تلف کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جعلسازی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 41 یونٹس اور دکانوں کو سیل کیا گیا، 39 مقدمات درج کرائے گئے، جبکہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے ایک ہزار 884 افراد اور کاروباری اداروں کو ایک کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔