مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کے سب سےبڑے صوبے کے علاقے ژوب میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کی جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 90 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز ژوب سے 89 کلومیٹر مغرب کی جانب تھا۔
زلزلے قدرتی آفت ہیں جن کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے۔ پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے۔ زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں۔ زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے۔ زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں۔
زلزلوں کا آنا یا آتش فشاں کا پھٹنا، ان علاقوں ميں زیادہ ہے جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔ پاکستان کا دو تہائی علاقہ فالٹ لائنز پر ہے جس کے باعث ان علاقوں میں کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے۔