ویب ڈیسک: ابھرتی ہوئی اداکارہ رشنا خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے ساتھ ساتھ معروف اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ اپنی محبت اور شادی کی دلچسپ داستان سے بھی پردہ اٹھا دیااور مختلف پہلوؤں پر کھل کر گفتگو کی۔
رشنا خان نے بتایا کہ وہ 2013 میں کینیڈا کے ٹورنٹو فلم اسکول میں فلم میکنگ کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں اور فائنل پروجیکٹ کے لیے انہیں ایک دستاویزی فلم بنانی تھی۔ اسی دوران بھائی کی شادی کی وجہ سے پاکستان آنا پڑا جہاں پہلی بار ان کی ملاقات شاہ زیب خانزادہ سے ہوئی، جو اس سے پہلے ہی ان کے خاندان کے قریبی دوست تھے۔
اداکارہ کے مطابق بھائی کی شادی کے بعد شاہ زیب خانزادہ نے ان کے ڈاکیومنٹری پروجیکٹ میں مدد کی، جس کے باعث دونوں کے درمیان رابطہ رہا، تاہم اس وقت تک شادی یا ڈیٹنگ کا کوئی تصور نہیں تھا اور بات چیت صرف کام تک محدود تھی۔
رشنا خان نے مزید بتایا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ دبئی منتقل ہو گئیں جہاں انہوں نے ایمریٹس ایئرلائن جوائن کی۔ بعد ازاں جب شاہ زیب خانزادہ پی ایس ایل میچز کے سلسلے میں دبئی آتے تھے تو ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا اور اسی دوران دونوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔
اداکارہ نے شادی کے بعد کی زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی منتقل ہونے کے بعد انہیں اپنی زندگی میں بڑی تبدیلی محسوس ہوئی کیونکہ شادی سے پہلے وہ مسلسل سفر اور مصروفیات میں رہتی تھیں، جبکہ اب زیادہ وقت گھر پر گزرتا ہے جو ان کے لیے ایک نیا تجربہ تھا۔