ویب ڈیسک: امریکہ کی ریاست الاسکا میں جمعرات کو دورانِ پرواز طیارہ لاپتا ہو گیا ہے جس میں پائلٹ سمیت 10 افراد سوار تھے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق الاسکا کے محکمۂ پبلک سیفٹی نے بتایا ہے کہ بیرنگ ایئر کا طیارہ جمعرات کی شام تقریباً چار بجے لا پتا ہوا جو یونالکلیٹ سے نوم شہر جا رہا تھا،حکام طیارے کے آخری بار ہونے والے رابطے کے مقام کو جانچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیرنگ ایئر کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈیوڈ اولسن کے مطابق طیارے نے دو بج کر 37 منٹ پر یونالکلیٹ شہر سے اڑان بھری تھی اور آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا،انہوں نے کہا کہ بیرنگ ایئر کا عملہ تفصیلات جمع کرنے اور ہنگامی امداد کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق طیارہ سمندر سے تقریباً 19 کلو میٹر دور پرواز کر رہا تھا۔
خیال رہے کہ بیرنگ ایئر مغربی الاسکا کے 32 دیہات کو آپس میں ملانے کے لیے سروسز فراہم کرتا ہے۔ بیشتر مقامات پر یومیہ دو پروازیں بھی چلائی جاتی ہیں۔