یوتھ ہمارے ساتھ ہے، پاکستان کو ایشئین ٹائیگر بنائیں گے، نواز شریف

Nawaz Sharif Jalsa, City42, Khudyan Khas jalsa, PMLN Campaign, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پاکستان مسلم لیگ ن کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار  اور پارٹی کے قائد میاں محمد نواز شریف، سابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم شہباز نے الیکشن 2024 کی انتخابی مہم کا آخری جلسہ قصور کے شہر کھڈیاں خاص میں کیا۔ نواز شریف نے جلسہ میں کھڈیاں خاص کے لئے الیکشن جیت کر حکومت بنانے کے بعد کئی ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کئے اور کہا کہ  کھڈیاں والو 20 ارب روپے آپ پر قربان ہیں۔

نواز شریف کھڈیاں خاص پر مہربان

نواز شریف نے  کھڈیاں خاص میں اعلان کیا کہ جلسہ گاہ کی جگہ پر کرکٹ اسٹیڈیم بناؤں گا،کرکٹ میچ میں اوپننگ بیٹر کے طور پر کھیلوں گا،شہبازشریف سے دانش اسکول، اسپتال، یونیورسٹی کا لکھوائیں، منصوبوں پر کتنا خرچہ آجائے گا، 20 ارب روپے، آپ پر قربان ہیں، قصور والوں کا کیا قصور ہے کہ انہیں موٹر وے نہ ملے۔ بہت ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن ایشین ٹائیگر بننا ہے، یہ یوتھ ہی ملک کو ایشین ٹائیگر بنائے گی۔

فراڈیوں کو دوبارہ پاکستان نہیں آنے دینا

 شہباز شریف کے قصور کے جس حلقہ انتخاب سے ایم این اے کا الیکشن لڑ رہے ہیں اس میں ایک اہم شہر کھڈیاں خاص ہے،  جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کھڈیاں کی سڑکیں پیرس کی سڑکوں کو مات دیں گی۔ تاہم انہوں نے حلقہ کے دوسری شہروں، قصبوں اور دیہات کے متعلق کوئی وعدہ نہیں کیا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہاں گیا بلین ٹری ؟کسی کو گھر  ملا؟  نوکری ملی ؟کہاں گئے 350 ڈیم ؟انڈے ،مرغیاں اور کٹے کہاں گئے؟ان فراڈیوں کو دوبارہ پاکستان نہیں آنے دینا۔

یوتھ ہمارے ساتھ ہے، ہم خود یوتھ ہیں

نواز شریف نے کہا کہ یوتھ تو پاکستان اور مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے، جلسہ میں سب لوگ 30 سال سے کم عمر کے ہیں۔ ہم سب یوتھ ہیں، میرے اندر بھی یوتھ کا جذبہ ہے، شہبازشریف یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں ،ان کو یقین ہےکہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔

ملک کو ایشئین ٹائیگر بنائیں گے

نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف وعدہ کر کے جاؤ کہ کھڈیاں کو کیا دے کر جا رہے ہو،نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہیے، ان کی تقدیر بدلنی چاہیے، نوازشریف کو نہ نکالا جاتا تو دعوے سے کہتا ہوں کہ پاکستان بھر میں کوئی بیروزگار نہیں ہوتا، ہمیں بہت ٹھوکریں لگی ہیں، ہمیں ٹھوکروں سے باہر نکلنا ہے۔  نوازشریف کا دور رہتا تو پورا ملک خوشحال ہوتا، ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، لیکن ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے، ملک کو یوتھ ہی ایشین ٹائیگر بنائے گی۔

خوشحالی کا سورج طلوع ہونے والا ہے

نواز شریف نے کہا  کہ 2 دن بعد خوشحالی کا سورج طلوع ہونے والا ہے، یہ دھرنوں میں مصروف تھے ہم لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں مصروف تھے، نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے، روزگار دیں گے، نواز کے دور میں روٹی 4 روپے کی تھی،آج کل 20 روپے میں ایک روٹی ملتی ہے، آج مہم کا آخری جلسہ ہے، ہم سب آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔