ترکیہ اور شام میں خوفناک زلزلہ، 51 رکنی پاکستانی ریسکیو ٹیم استنبول روانہ

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فاران یامین) ترکیہ اور شام میں خوفناک زلزلہ، حکومت پاکستان کی ہدایات پر پی آئی اے کا طیارہ 51 رکنی ریسکیو ٹیم کو لے کر استنبول روانہ ہوگیا۔

ریسکیو ٹیم خصوصی آلات لے کر پی کے707 پر لاہور سے استنبول کیلئے روانہ ہوئی، 51 رکنی ٹیم کے کمانڈر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر خود ہیں، ٹیم اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل رسپانس کا حصہ ہے، پاکستان سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم یونائیٹڈ نیشن انسراگ سے سرٹیفائیڈ ہے، ریسکیو ٹیم سرچ، ٹیکنیکل ریسکیو، روپ ریسکیو، میڈیکل ٹیم، کمانڈ سپورٹ، کوارڈینیشن و کمیونیکیشن اور لاجسٹک ٹیم پر مشتمل ہے۔

ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمارا ریسکیو ڈیپارٹمنٹ ترک اور شامی بھائیوں کیساتھ ہے،  پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریلیف سامان کی ترسیل بھی بلامعاوضہ کردی ہے،  پی آئی اے کی استنبول اور دمشق جانیوالی تمام پروازوں پر ریلیف سامان کی ترسیل مفت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں گزشتہ روز آنے والے زلزلے نے تباہی مچادی، رات گئے آنے والے زلزلے نے لوگوں کو بچنے کا موقع ہی نہ دیا، کم و بیش ایک ہزار 710 عمارتیں لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 50 سے زائد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری  رہا، دونوں ممالک میں اموات کی مجموعی تعداد 3800 سے تجاوز کر گئی۔