علی ساہی :لاہور میں فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والوں کی شامت آ گئی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں غیر نمونہ، فینسی اور جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں.
ترجمان کے مطابق رواں سال غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس لگانے پر صوبہ بھر میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد کارروائیاں کی گئی ہیں، جبکہ لاہور میں غیر نمونہ، فینسی اور جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف 44 ہزار سے زائد کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس لگانے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کیا جائے۔ ٹریفک ون ایپ کے ذریعے جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو بہترین حکمت عملی کے ذریعے کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق صوبہ بھر میں کمرشل اور نان کمرشل سمیت ہر قسم کی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹ گاڑی کی پہچان ہے اور گاڑی کی پہچان کو چھپانا قانوناً جرم ہے۔ شہری محکمہ ایکسائز کی ہدایات کے مطابق مقررہ نمونہ کی نمبر پلیٹ استعمال کریں۔