ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ; پوری قوم مل کر پیٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے; وزیراعظم

پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ; پوری قوم مل کر پیٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے; وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات ، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس  ہوا۔

اجلاس کو خطے میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر معاشی استحکام کے لیے کفایت شعاری سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آج سے نافذ العمل بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی 

وزیراعظم کے مطابق علاقائی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پوری قوم مل کر پیٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے، پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے اور اس مکروہ فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ملک میں بجلی کی پیداوار کا ایک حصہ پیٹرولیم مصنوعات پر منحصر ہے، مارکیٹس 8 بجے بند کرنے اور دیگر کفایت شعاری کے اقدامات کا مقصد نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچانا بلکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات کو 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔صوبائی حکومتوں سے تیل پر سبسڈی کے حامل افراد کے کوائف موصول ہونے شروع ہو گئے ہیں اور تصدیق کے بعد ایک شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انہیں سبسڈی کی ادائیگی کی جا رہی ہے ۔

وزارت آئی ٹی اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے 4 اپریل سے مال بردار گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں کو  سبسڈی کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزرا ڈاکٹر احسن اقبال، عبد العلیم خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، سردار اویس احمد لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طارق باجوہ اور طلحہ برکی، گورنر سٹیٹ بینک، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور انسپیکٹر جنرل آف پولیس سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔