ویب ڈیسک : سندھ کے گورنرکامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان شدید بارشوں کا شکار ہے ، ایسی صورتحال میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مہنگا پڑے گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے آج مزار قائد پر حاضری دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام سمجھ چکے کہ مودی نے سازشوں کے انبار لگا دیے ہیں، مودی پہلے تمہارے جہاز گرائے تھے، اب آئی ٹی ایکسپورٹ گرائیں گے، چند سالوں میں معرکہ معیشت منائیں گے۔
بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ مودی معصوم لوگوں کی بددعائیں تمہیں جینے نہیں دیں گی، تم نے جان بوجھ کر پاکستان میں پانی چھوڑا، بھارتی میڈیا نے جس طرح رپورٹنگ کی اس سے ان کے عزائم واضح نظر آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ساری جماعتیں آج ملک کی معیشت کے لیے ایک پیج پر ہیں، مودی ہم تم سے لڑیں گے، تم ہماری تاریخ اٹھا کر دیکھ لو۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ون ونڈو آپریشن ایس آئی ایف سی کے تحت جاری ہے، ترکیہ، چین، سعودی عرب، یو اے ای، قطر، آذربائیجان، روس کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، یہ ممالک پاکستانی معیشت کی بہتری میں کردار ادا کر رہے ہیں، ہمیں معرکہ معیشت منانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے ہماری مساجد اور معصوم بچوں کو شہید کیا، ہمیں پتہ ہے کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، جن ممالک میں افواج مضبوط نہیں ہوتیں ان کی مثالیں موجود ہیں، ہم نے خود سے زیادہ بڑے ملک کو شکست دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتاہوں، شہدا ہمارا فخر ہیں اور رہیں گے، آج افواج پاکستان کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔