ویب ڈیسک : وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دفاع وطن کیلئےجانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن، بان اور شان ہیں۔
محسن نقوی نے یومِ دفاع و شہداء پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبرشجاعت اوربہادری کا تاریخ سازدن ہے، اس روز شہداء، غازیوں اور قوم نے ملکر پاکستان کو ناقابلِ تسخیربنایا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ مسلح افواج اورقوم کےجذبہ ایمانی نے مکار دشمن کی سازش کے بت پاش پاش کردیئے، وہ دشمن جو جمخانہ میں چائے پینے کے خواب دیکھ رہا تھا، بدترین شکست کھاکر خالی ہاتھ بھاگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں کی قربانی نے دشمن کے ٹینکوں کو قبرستان میں بدلا، سلام ان بہادروں پر جنہوں نے جانیں قربان کرکےسرحدوں کو ناقابلِ عبور بنا دیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم دفاع وشہداء کی عظیم کامیابی کا تسلسل آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح میں ملا ہے، 6 ستمبر اس وعدہ کی تجدید ہے کہ وطن کی حرمت پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔