علی ساہی: ماہِ صیام کے تیسرے جمعہ کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور پولیس چوکیوں پر نفری بڑھا دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات، چینی اور دیگر غیر ملکی سفارتخانوں کی سکیورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لیے 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکاروں اور کمیونٹی رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں کو ہدایت دی ہے کہ حساس مقامات کے اطراف پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مساجد اور عبادت گاہوں کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے لیے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات اہلکار مکمل الرٹ رہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔