(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ سنایا، سپریم کورٹ کے فیصلے سے عدالتی و جمہوری نظام ترقی کرے گا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے صدارتی ریفرنس پر رائے سنائے جانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے انتظار میں ہیں، تفصیلی فیصلے پر وکلاء سے بات کر کے تفصیلی بات کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے تسلیم کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا، صدر زرداری نے بھٹو کا ریفرنس بھیجا تھا، عدالت نے کہا ہے ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے فیصلہ سنا رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخی اقدام اٹھایا گیا ہے، 44 سال بعد تاریخ درست ہونے جا رہی ہے، فیصلے سے پاکستان آگے جائے گا، فیصلے سے عدالتی اور جمہوری نظام ترقی کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ عدالت پر اس داغ کی وجہ سے عوام سمجھتے تھے کہ انصاف ملنا مشکل ہو گا، تمام ججز کا شکر گزار ہوں، وکلاء کا بھی شکر گزار ہوں، فیصلے کے بعد امید ہے کہ نظام صحیح سمت چلنا شروع ہو جائے گا۔