روزینہ خان: وفاقی بجٹ کے حوالے سے حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات اب کل ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم سے ملاقات سے قبل پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت اور مذاکراتی ٹیم کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سید نوید قمر اور شیری رحمان شریک ہوں گے۔ اجلاس میں آئندہ بجٹ سے متعلق پارٹی مؤقف اور حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے اندرونی مشاورتی اجلاس کے بعد حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ ملاقات کا حتمی وقت طے کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاق کی جانب سے صوبوں سے تقریباً 1700 ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ان فنڈز کی دستیابی کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
بجٹ سے متعلق جاری مشاورت میں وفاق اور صوبوں کے مالی معاملات اہم حیثیت اختیار کر گئے ہیں، جبکہ حتمی فیصلوں کے لیے سیاسی سطح پر رابطے اور مذاکرات جاری ہیں۔