ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بجٹ 2026-27 پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مشاورت آج، بلاول بھٹو تحفظات پیش کریں گے

بجٹ 2026-27 پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مشاورت آج، بلاول بھٹو تحفظات پیش کریں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

روزینہ علی: آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ اور ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس آج ایوان صدر میں متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس صدر مملکت آصف علی زرداری کی صدارت میں ہوگا، جس میں بجٹ تجاویز، ٹیکس پالیسیوں اور وفاقی اخراجات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی گلگت بلتستان سے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں اور وہ اجلاس میں پارٹی کے تحفظات براہ راست حکومتی نمائندوں کے سامنے رکھیں گے۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، شیری رحمان، نوید قمر اور راجا پرویز اشرف شامل ہوں گے، جبکہ حکومتی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو نئے مالیاتی بلز پر بنیادی اعتراض نہیں، تاہم موجودہ ٹیکس پالیسیوں پر پارٹی کے سنجیدہ تحفظات برقرار ہیں۔ پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ بعض شعبوں پر بار بار ٹیکس عائد کیے جا رہے ہیں جس سے معاشی سرگرمیوں اور کاروباری طبقے پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی اخراجات اور ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی کو بعض خدشات لاحق ہیں، جنہیں اجلاس میں تفصیل سے زیر بحث لایا جائے گا۔

سیاسی حلقوں کے مطابق بجٹ منظوری کے عمل سے قبل ہونے والی یہ ملاقات حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔