ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

منی لانڈرنگ کیس : بحر یہ ٹاؤن سے منسلک 45 لاکھ ڈالر مالیت کے غیر ملکی اکاؤنٹس منجمد

منی لانڈرنگ کیس : بحر یہ ٹاؤن سے منسلک 45 لاکھ ڈالر مالیت کے غیر ملکی اکاؤنٹس منجمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عثمان خان: منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائیوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں قومی احتساب بیورو ( نیب) نے بحر یہ ٹاؤن سے منسلک دو غیر ملکی بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں جن میں تقریباً 45 لاکھ امریکی ڈالر موجود ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کراچی کی اجازت اور منظوری کے بعد اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت ملزمان احمد علی ریاض اور مبشرہ علی ملک کے ماریشس میں واقع سلور بینک کے دو بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ الزام سامنے آیا کہ غیر قانونی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے ذریعے مبینہ طور پر جرائم سے حاصل شدہ رقوم پاکستان سے بیرون ملک منتقل کی گئیں۔ ابتدائی طور پر یہ رقوم متحدہ عرب امارات منتقل کی گئیں اور بعد ازاں منی لانڈرنگ کے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے ماریشس پہنچائی گئیں۔

نیب ذرائع کے مطابق پاکستان سے منتقل کی جانے والی رقوم مشترکہ بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائی گئیں جہاں اس وقت تقریباً 45 لاکھ امریکی ڈالر موجود ہیں۔ جاری اثاثہ جات بازیابی مہم کے تحت ان رقوم کو قانونی طور پر منجمد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نیب نے وزارت خارجہ کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جبکہ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت مذکورہ رقوم کی ضبطی اور پاکستان واپسی کے لیے اقدامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔

نیب حکام کے مطابق یہ کارروائی ادارے کے اس عزم کی عکاس ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے حاصل کیے گئے اثاثوں کا دنیا بھر میں سراغ لگا کر انہیں قانون کے مطابق واپس لایا جائے گا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے غیر قانونی اثاثوں کی بازیابی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔