عابد چودھری: پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1351 ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن پر ریسکیو سروسز نے بروقت امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق مختلف حادثات میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 1603 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 717 شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو موقع پر طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 1241 مرد اور 362 خواتین شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 1482 حادثات میں 1328 موٹرسائیکلیں، 74 رکشے اور 166 گاڑیاں شامل تھیں، جس سے موٹرسائیکل سواروں کے حادثات میں نمایاں اضافے کی نشاندہی ہوتی ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات لاہور میں رپورٹ ہوئے جہاں 225 حادثات پیش آئے، جبکہ فیصل آباد میں 93 اور ملتان میں 81 ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے۔
لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 225 ٹریفک حادثات پر ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ ان حادثات کے نتیجے میں 270 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 88 شدید زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 180 معمولی زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خصوصاً موٹرسائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔